تازہ ترینسیاست

نو منتخب وزیر اعظم فیصل راٹھورکابینہ کا پہلا اجلاس آج مظفرآباد میں ہوگا

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کی نئی قائم ہونے والی کابینہ کا پہلا باقاعدہ اجلاس آج وزیراعظم سیکریٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوگا ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کریں گے ۔جبکہ تمام وزراء ، مشیران اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام کو بھی اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے ۔ نئے حکومتی سیٹ اپ کے تناظر میں یہ اجلاس خصوصی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے ۔اس اجلاس کا سب سے اہم ایجنڈا محکموں کی باقاعدہ تفویض ، وزراء کے درمیان ذمہ داریوں کی واضح تقسیم اور مختلف سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک مربوط حکمتِ عملی کی تیاری ہے ۔
توقع کی جا رہی ہے کہ وزیراعظم اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر ایسے عملی اور قابلِ نفاذ اقدامات تجویز کریں گے جن سے انتظامی امور میں شفافیت ، تیزرفتاری اور موثریت کو فروغ مل سکے ۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اجلاس کے دوران نئے حکومتی ورک پلان پر بھی مشاورت کریں گے، جس میں سہ ماہی اور ششمائی اہداف کی ترتیب شامل ہے ۔ان اہداف کا مقصد حکومتی پالیسیوں کے بروقت نفاذ ، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ اور عوامی سہولیات کے شعبوں میں بہتری کو یقینی بنانا ہے ۔
وزیراعظم کی جانب سے اس بات پر بھی زور دیے جانے کا امکان ہے کہ تمام وزراء اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے پیش کریں تاکہ حکومتی کام کو بہتر انداز میں مانیٹر کیا جا سکے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *